پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے لاہور کے ٹول پلازہ پر گرفتار رہنما فواد چوہدری کو اسلام آباد لے جانے والی گاڑی کو روکنے کی کوشش کی ہے۔
اس موقع پر فرخ حبیب کی پولیس اہلکاروں کے ساتھ تلخ کلامی بھی ہوئی۔
واضح رہے کہ پولیس لاہور کے سروسز اسپتال میں فواد چوہدری کا طبی معائنہ کرانے کے بعد اسلام آباد کی جانب روانہ ہوئی ہے۔
فواد چوہدری کو لاہور میں گرفتار کیا گیا
واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری کو لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا۔
فواد چوہدری کو اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں الیکشن کمیشن کے سیکریٹری کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر پر گرفتار کیا گیا۔
آج صبح فواد چوہدری کو اسلام آباد منتقلی کے لیے راہداری ریمانڈ لینے کی غرض سے لاہور کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
لاہور کی عدالت نے فواد چوہدری کا راہداری ریمانڈ منظور کر لیا۔
عدالت نے حکم دیا کہ فواد چوہدری کا میڈیکل کرایا جائے، جس کے بعد انہیں اسلام آباد روانہ کیا جائے۔
جس کے بعد لاہور کے سروسز اسپتال میں فواد چوہدری کا تفصیلی طبی معائنہ کیا گیا۔