کراچی 25 نومبر2022: ایسوسی ایشن ّف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد) کے عہدیداروں نے نئے تعینات ہونے والے چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) جنرل سید عاصم منیر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی(سی جے سی ایس سی) جنرل ساحر شمشاد مرزا کو مبارکباد دی ہے۔ آباد کے سرپرست اعلیٰ محسن شیخانی،چیئرمین آباد الطاف تائی،سینئر وائس چیئرمین خاور منیر،وائس چیئرمین ندیم یوسف جیوا اور سدرن ریجن کے چیئرمین راحیل رنچ نے ایک بیان میں جنرل عاصم منیر کی بطور چیف آف آرمی اسٹاف اور جنرل ساحرشمشاد مرز کی بطور جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ جنرل عاصم منیر اور جنرل شمشاد مرزا سینیارٹی کے ساتھ ساتھ انتہائی شاندار کیریئر رکھنے والے جنرلز ہیں۔آباد رہنماؤں نے کہا کہ آرمی چیف کے لیے جنرل سید عاصم منیر اورجوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے لیے جنرل ساحر شمشاد مرز ا بہترین انتخاب ہیں۔انھوں نے کہا کہ جنرل سید عاصم منیر پہلے آرمی چیف ہوں گے جنھیں تربیت کے دوران بہترین کارکردگی پر تلوار سے نوازا گیا تھا جبکہ انھوں نے بطور کرنل 38 سال کی عمر میں قرآن پاک حفظ کرنے کی مثال بھی قائم کی ہے۔آباد عہدیداروں نے کہا کہ جنرل شمشاد مرزا کا تعلق سندھ سے ہے،جنرل شمشاد مرزا نے بڑی بہادری کے ساتھ شمال وزیرستان سے دہشت گردوں کا خاتمہ کیا اور افغان انٹرا مزاکرات میں بھی جنرل شمشاد مرزا نے اہم کردار ادا کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ آباد کے ممبر بلڈرز اور ڈیولپرز نے ہمیشہ ملک کے مفاد کے لیے جدوجہد میں بڑھ چڑھ کا حصہ لیا ہے اور آئندہ بھی حکومت اور نئی عسکری قیادت کے ساتھ مل کر پاکستان کی ترقی وخوشحال اور معیشت کی بحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کا عزم ہے۔
