دبئی(رپورٹ: اعجاز کھوکھر) متحدہ عرب امارات کے قومی دن جو کہ ہر سال ۲ دسمبر کو منایا جاتا ہے، اس سلسلے میں تیاریاں زور شور سے جاری ہیں، اور مختلف سرکاری اور غیر سرکاری اداروں، تنظیموں کی جانب سے تقریبات کا آغاز ہو چکا ہے، اس سلسلے میں پاکستان ایسوسیشن دبئی کی جانب سے “ہم ایک ساتھ کھڑے ہیں” کے عنوان سے ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا. تقریب کے مہمان خاص یو اے ای میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی تھے، جبکہ دبئی میں پاکستانی قونصل جنرل افضال حسن خان، ڈپٹی قونصل جنرل مسٹر گیانچند، ڈاکٹر عمر ال متننا سی ای او ثقافت و ترقی دبئی، ملائیشیا کے قونصل جنرل محمد فیدلی امری الیامن، ڈاکٹر فیصل اکرام صدر پاکستان ایسوسیشن دبئی، ازوان عدنان جنرل سیکریٹری ملائیشین بزنس قونصل، روشن مصطفی ڈائریکٹر ملائشین ٹوئرزم اور متحدہ عرب امارات کے مقامی اور پاکستان سے تعلق رکھنے والی
شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی. اس موقع پر پاکستان کے سفیر فیصل نیا ترمذی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات بہت مضبوط اور دیرینہ ہیں، ہم پاکستانی یواے ای کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ جب یو اے ای آزاد ہوا تو پاکستان نے ہر شعبے میں اس کی بھرپور مدد کی، اور پاکستان کو جب بھی کوئی قدرتی آفات کا سامنا کرنا پڑا ہے یا کوئی مشکل درپیش ہوئی ہے تو متحدہ عرب امارات کی قیادت سب سے پہلے پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان میں حالیہ ہونیوالے سیلاب سے جو تباہی آئی اس میں متحدہ عرب امارات نے جس طرح بڑے پیمانے پہ سیلاب متاثرین کی مدد کی اس کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے. اس موقع پر ثقافت و ترقی دبئی کے سی ای او ڈاکٹر عمر ال متننا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے ہمارے آزادی سے بھی پہلےسے لیکر اب تک مربوط و مضبوط روابط ہیں، ہر مشکل گھڑی میں دونوں ایک دوسرے کے مددگار ہوتے ہیں، دونوں میں، مذہبی، سماجی، ثقافتی اور سیاسی تعلقات بہت مضبوط ہیں. انہوں نے یو اے ای کے قومی دن کے حوالے سے پاکستان ایسوسیشن دبئی کی جانب سے شاندار تقریب کے انعقاد پر ان کا شکریہ ادا کیا. تقریب کے دوران پاکستان میں سیلاب زدگان کیلئے امدادی سرگرمیوں میں بھرپور کردار ادا کرنے والے یواے ای اور پاکستان سے تعلق رکھنے
والی مختلف شخصیات کو ان کی خدمات کے پیش نظر شیلڈ اور تحائف سے نوازا گیا, تقریب کی میزبانی کے فرائض پیڈ کی سرگرم رکن مس مریم نے انجام دیئے. اس موقع پر اسکول کے طلباء نے یو اے ای کا ثقافتی رقص پیش کیا اور پیڈ کی جانب سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیاں ۵۱ برس کے مضبوط تعلقات پر ایک ڈاکیومنٹری دکھائی گئی، جس کو شرکاء نے بہت سراہا. آخر میں مہمانوں کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا.