کراچی میں اردو بازار کے قریب سر میں گولی لگنے سے زخمی ہونے والا نوجوان 18 دن بعد زندگی کی جنگ ہار گیا۔
پولیس کے مطابق 10 اکتوبر کو اردو بازار کے علاقے کا رہائشی معیز نامی لڑکا جنرل اسٹور پر آ کر بیٹھا اور دکاندار کا رکھا ہوا پستول اٹھا کر دیکھنے لگا تو اس سے پستول چل گیا اور گولی دکان پر خریداری کے لیے آنے والے حافظ صمد کے سر میں لگی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔
صمد کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
18 روز سے اسپتال میں زیرِ علاج مذکورہ زخمی نوجوان دم توڑ گیا، پولیس نے گولی چلانے والے ملزم کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق معیز کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کیا تھا لیکن اہلِ خانہ کی جانب سے واقعے کا مقدمہ درج نہ کرانے پر معیز کو چھوڑنا پڑا تھا۔
مقتول کے والد نے 23 تاریخ کو مقدمہ درج کرایا، جس کے بعد گولی چلانے والے معیز کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے۔