پیپلزپارٹی اس ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جس کا منشور غریب محنت کشوں اور مزدوروں کو ان کے حقوق فراہم کرنا ہے۔ آج صوبہ سندھ میں جتنی قانون سازی 18 ویں ترمیم کے بعد محکمہ محنت میں ہوئی ہے کسی اور صوبے میں نہیں ہوئی ہے۔ صوبہ سندھ نہ صرف اس ملک کا واحد صوبہ ہے بلکہ کئی ممالک سے بھی آگے ہے جہاں مزدوروں کے بچوں کو تعلیم، صحت سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کے لئے بینظیر مزدور کارڈ کا اجراء کیا گیا ہے۔ سندھ گورنمنٹ پرنٹنگ پریس پیپلز ورکرز یونین کی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی اس بات کہ دلیل ہے کہ اب سندھ کا مزدور پیپلز پارٹی کے ساتھ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز لیبر بیورو کراچی ڈویژن کے صدر اسلم سموں کی قیادت میں ان کے دفتر میں انے والے سندھ گورنمنٹ پرنٹنگ پریس کے نومنتخب عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے نومنتخب عہدیداروں کو پھولوں کے ہار پہنائے اور ان کو مٹھائی کھلائی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری و معاون خصوصی وزیر اعلٰی سندھ وقار مہدی، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری، نائب صدر امان اللہ محسود، سردار خان، ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری کراچی ڈویژن آصف خان، عابد ستی جبکہ نومنتخب چیئرمین سندھ گورنمنٹ پرنٹنگ پریس پرویز بلوچ، صدر ملک محمد نسیم، جنرل سیکٹریری ندیم علی، سنئیر نائب صدر فصیح حیدر، نائب صدر دوئم فہیم شیخ، ظہیر احمد، جاوید گھانچی، مذکر صدیقی، ترک محمد علی، کلیم احمد خان، پرویز علی شاہ و دیگر بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے نومنتخب عہدیداروں کو پھولوں کے ہار پہنائے اور مٹھائی کھلائی اور انہیں بھرپور کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر سعید غنی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے وجود کا اصل مقصد مزدوروں اور محنت کشوں کو ان کے حقوق فراہم کرنا تھا اور آج الحمداللہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے 18 ویں ترمیم کے بعد جو قانون سازی محکمہ محنت میں کی ہے اور مزدوروں اور محنت کشوں کو جو حقوق دئیے ہیں کسی بھی صوبائی حکومت نے نہیں دئیے ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ آج مختلف صنعتوں میں کام کرنے والے سیسی کے رجسٹرڈ مزدوروں کے بچوں کو مفت تعلیم، مزدور کو اس کے اہلخانہ سمیت مفت طبی سہولیات، اسکالرشپ، شادی مدد، خدانخواستہ مزدور کہ وفات پر ان کے اہلخانہ کو لاکھوں روپے کی ڈیتھ گرانٹ سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ آج مختلف اداروں کی مزدور یونینز کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کی حمایت یافتہ لیبر یونینز کی کامیابیوں کے پیچھے ہمارے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی وہ پالیسیاں ہیں جو ایک مزدور اور محنت کش کو مضبوط سے مضبوط بنا رہی ہیں۔ اس موقع پر اسلم سموں نے کہا کہ پيپلز لیبر بیورو کراچی ڈویژن اس شہر کے ہر ادارے میں اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑھ رہی ہے اور انشاءاللہ ہم جلد ہی کراچی واٹر بورڈ، پورٹ قاسم میں ہونے والے انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔
