اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے ہیڈ آف میڈیا افیئرز فواد چودھری کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی ہے۔
عدالت عالیہ اسلام آباد کے جج جسٹس بابر ستار کل فواد چودھری کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کریں گے۔
وکیل سلیم اللہ خان نے ذاتی حیثیت میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ فواد چودھری نے خاتون جج کے خلاف توہین آمیز بیان دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست کے ساتھ سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری کے مختلف بیانات کا ٹرانسکرپٹ بھی منسلک ہے۔دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ فواد چودھری کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔