میڈیکل کیمپ ڈسٹرکٹ جامشورو، دادو،سانگھڑ،قمبرشہدادکوٹ، عمرکوٹ، جیکب آباد، خیرپور اور لاڑکانہ میں قائم کیے گئے ہیں
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیر محنت و افرادی قوت سندھ و چیئرمین گورننگ باڈی سیسی سعید غنی کی خصوصی ہدایت پر سندھ ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن (سیسی) کے تحت کمشنر سیسی احمدعلی قریشی کی زیرنگرانی فری میڈیکل کیمپ قائم کیے جارہے ہیں۔ گزشتہ کئی دنوں سے جاری بارش اور سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے اندرون سندھ صحت کی صورتحال بہت خراب ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر صوبائی وزیر محنت سعید غنی نے اپنی وزارت کے زیرانتظام چلنے والے ادارے سیسی کے تحت صوبے کے 8 ڈسٹرکٹ ماجھند(جامشورو)، جوہی(دادو)،سانگھڑ،قمبرشہدادکوٹ، عمرکوٹ، ٹھل(جیکب آباد)، خیرپور اور لاڑکانہ میں 26 تا 31 اگست تک میڈیکل کیمپ قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ہر ڈسٹرکٹ میں 2دن کیلئے میڈیکل کیمپ لگائیں جائیں گے۔یہ میڈیکل کیمپ کمشنر سیسی احمدعلی قریشی کی نگرانی میں قائم کیے جارہے ہیں، کیمپوں پر سیسی کی گورننگ باڈی کے ممبران اور میڈیکل ایڈوائزر بھی موجود ہوں گے جو انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ کیمپوں پر ہر وقت ڈاکٹرز موجود رہیں گے اور آنے والے مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا جائے گا اور ادویات بھی مفت فراہم کی جائیں گی۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کیمپس پر ایمبولینس بھی موجود رہیں گی۔ اگر متاثر مریض کو ہسپتال داخل کرنے کی ضرورت محسوس ہوئی تو انہیں فوری طور پر سیسی کے ہسپتالوں میں داخل کیاجائے گا جہاں انہیں علاج معالجہ کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی۔