کراچی : امریکی حکومت نے سیلاب سمیت قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو 10 لاکھ امریکی ڈالرامداد جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی ایجنسی برائے عالمی ترقی (یو ایس ایڈ) کے ذریعے ملنے والی مالی امداد سے نہ صرف سندھ میں زراعت سے وابسطہ طبقے کو مستحکم بنانے میں مدد ملے گی، بلکہ قدرتی آفات سے نمٹنے سے متعلق پاکستانی اداروں کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوگا، تاکہ سندھ، خیبرپختونخواہ اور گلگت بلتستان میں آنے والی تباہکاریوں سے بروقت نمٹا جا سکے۔
وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کے دوران، امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ “امریکی عوام قدرتی آفات اور مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کیساتھ کھڑے ہیں۔ ہمارے دل پاکستان میں ان خاندانوں کیساتھ ہیں، جن سے ان سیلابوں میں اپنے پیارے بچھڑ گئے اورجو ابھی تک بحالی کیلئے کوشاں ہیں۔ سندھ کے زرعی طبقے کو مستقبل میں قدرتی آفات وتباہکاریوں کا مقابلہ کرنے کیلئے مستحکم بنانا باعث فخر ہے۔ ہم آنے والے دنوں میں بھی بحالی اور تعمیر نو میں پاکستان کی مدد کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔”
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے امریکا – پاکستان تعلقات میں تسلسل وثابت قدمی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ “امریکی عوام ماضی میں مشکلات کے دوران پاکستانی عوام کیساتھ کھڑے رہے، آج بھی جب سندھ کے کئی علاقوں میں برساتوں نے تباہی برپا کردی ہے، امریکی عوام ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستان، خصوصی طور پر سندھ کے عوام، قدرتی آفات سے نمٹنے میں پاکستان کیلئے 10 لاکھ امریکی ڈالر کے اعلان پر امریکی حکوت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔
امریکا اور پاکستان 75 سالوں سے مشترکہ اہم مسائل، بشمول توانائی، معاشی پیداوار، امن و استحکام، تعلیم اور صحت پر ملکر کام کر رہے ہیں۔ امریکی حکومت نے 2002ء سے آج تک 32 ارب ڈالرز امداد کے طور پر مہیا کیئے ہیں، جس کا مقصد پاکستان کی خوشحالی، استحکام اورعلاقائی امن میں مزید بہتری لانا ہے۔