وزیراعظم شہباز شریف نے ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی نفرت انگیز مہم پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہدا کی قربانیوں کی توہین اور مذاق اڑانے والی سوشل میڈیا مہم خوفناک تھی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خود پسند سیاسی بیانیے یہی کرتے ہیں، خود پسند سیاسی بیانیے نوجوانوں کے ذہنوں کو زہر آلود کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم کس طرف جا رہے ہیں؟ یہ لمحہ گہرے غور و فکرکا مطالبہ کرتا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں لسبیلہ میں پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کے دوران لاپتہ ہوگیا تھا۔کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد ہیلی کاپٹر کا ملبہ موسٰی گوٹھ سے ملا تھا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ ہیلی کاپٹر کو حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا جس کے باعث ہیلی کاپٹر میں سوار کورکمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد سمیت 6 جوان شہید ہوگئے تھے۔
ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر اس حوالے سے منفی مہم چلائی گئی تھی۔