سینئر صحافی اور تجزیہ کار سہیل وڑائچ کا کہنا ہے کہ عمران خان جیسے مقبول سیاسی لیڈر کی نااہلی نہیں ہونی چاہیے۔
فارن فنڈنگ کے حوالے سے جیو نیوز کی خصوصی ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ آج کا فیصلہ مکافات عمل ہے لیکن جتنی بجلی گرنی چاہیے تھی اور جتنی بجلی گرنے کی توقع کی جا رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے لیے آج کا فیصلہ نقصاندہ تو ہے کیونکہ تحریک انصاف جتنی شفافیت کا دعویٰ کرتی تھی وہ درست نہیں نکلا اور عمران خان جب عدالتوں میں جاتے ہیں تو اکثر ان کے دعوے درست نہیں نکلتے، انہیں سوچ سمجھ کر بات کرنی چاہیے کیونکہ بار بار عدالتوں کے ذریعے ان کے دعوے رد ہوتے رہیں گے تو اس کا نقصان ہو گا۔
سہیل وڑائچ نے مزید کہا کہ میری ذاتی رائے ہے کہ عمران خان جیسے مقبول رہنما کی نااہلی نہیں ہونی چاہیے، پہلے ہی ایک مقبول لیڈر نواز شریف کو نااہل قرار دیا جا چکا ہے، ایک دوسرے مقبول لیڈر کو نااہل قرار دینا بھی غلط ہو گا، اس طرح سے تو پاکستان سے ساری مقبول لیڈر شپ کا خاتمہ ہو جائے گا۔
جیو نیوز کے پروگرام ایک دن جیو کے ساتھ کے میزبان کا کہنا تھا عمران خان پر جرمانے اور قرقی کی حد تک تو ٹھیک ہے لیکن نااہلی نہیں ہونی چاہیے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ ثابت ہو گیا کہ پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈنگ حاصل کی جو غیر قانونی ہے، پی ٹی آئی کو 34 غیر ملکی شہریوں اور 351 کمپنیوں کی جانب سے فنڈنگ فراہم کی گئی۔
اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے فارن فنڈنگ کے حوالے سے جو بیان حلفی جمع کروایا وہ جھوٹ اور غلط بیانی پر مبنی ہے۔