چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایک بار پھر ضمنی انتخابات کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں نے دھاندلی کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔
عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس بنی گالہ میں جاری ہے، اجلاس میں پنجاب کے ضمنی الیکشن کے نتائج اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت ہو گی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اجلاس میں پنجاب میں وزارت اعلیٰ کے چناؤ کے لیے 22 جولائی کو ہونے والے انتخاب پر بھی مشاورت ہو
گی۔
اجلاس سے قبل اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ پوری ٹیم نے پنجاب الیکشن میں بھرپور محنت کی، پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ نوجوانوں نے دھاندلی کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا، عوام نے پہلے کی طرح اب بھی ان چوروں کو مسترد کر دیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف سازش کا جواب عوام نے اپنے ووٹوں سے دیا ہے۔
یاد رہے کہ 17 جولائی کو پنجاب اسمبلی کی 20 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف نے 15 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ ن لیگ صرف 4 سیٹیں جیت سکی اور ایک سیٹ پر آزاد امیدوار کامیاب رہا۔