بھارت میں معذور گداگر نے پیسے اکٹھے کر کے بیوی کو موٹر سائیکل تحفے میں دے دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان دنوں سوشل میڈیا پر مدھیہ پردیش کے چندواڑہ ضلع سے تعلق رکھنے والا گداگر سنتوش ساہو سب کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ موصوف نے ایک ،ایک پیسہ اکٹھا کرکے اپنی بیوی کو 90 ہزار بھارتی روپے کا ایک موٹر سائیکل تحفے میں دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق سنتوش ٹانگوں سے معذور ہے ، وہ ٹرائی سائیکل پر بیٹھ کر بیوی مُنی کے ساتھ بھیک مانگتا تھا جبکہ مُنی ٹرائی سائیکل چلانے میں اس کی مدد کرتی تھی۔
تاہم، جوڑے کو خراب سڑکوں اور موسم کی وجہ سے خیرات مانگنے کے لیے علاقوں میں جانے میں کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا تھا جبکہ بیوی کو بیمار پڑتے دیکھ کر سنتوش نے اس کے لیے تحفے کے طور پر ایک موٹر سائیکل خریدنے کا فیصلہ کیا۔
