اسلام آباد: سپریم کورٹ نے آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق صدارتی ریفرنس پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو آج شام کو سنایا جائے گا۔
سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق صدارتی ریفرنس پرسماعت کی جس دوران (ن) لیگ کے وکیل مخدوم علی خان کے معاون وکیل نے تحریری گزارشات جمع کرادیں
دورانِ سماعت اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے کہا کہ دیکھنا ہوگا کہ کیا آرٹیکل 63 اے ایک مکمل کوڈ ہے اور دیکھنا ہوگا کہ آرٹیکل63 اے میں مزید کچھ شامل کرنے کی ضرورت ہے یا نہیں، یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ پارٹی پالیسی سے انحراف کرکے ووٹ شمارہوگا۔
