کراچی میں اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) نے گاڑیاں چوری کرنے والے 7 رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا جبکہ گروہ میں میاں، بیوی اور دیور شامل ہیں۔
اے وی ایل سی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کے بعد دو خواتین سمیت 7 رکنی کار لفٹر گروہ کو گرفتار کرکے 6 گاڑیاں برآمد کرلیں۔
ملزمان کی شناخت شجاعت، دانش، عطااللہ، احتشام، دانیال، قرۃالعین اور کنول کے نام سے ہوئی ہے جبکہ گروہ کے مرکزی کردار قرۃ العین عرف عینی، اس کا شوہر شجاعت اور دیور دانیال ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نشے کے عادی ہیں اور اس لت کو پورا کرنے اور تفریح کیلئے گاڑیاں چوری کرتے تھے۔
حکام نے بتایا کہ نشے کے بعد ملزمان گاڑی چوری کرکے لانگ ڈرائیو پر نکل جاتے اور نشہ اترنے کے بعد گاڑیاں کسی بھی علاقے میں چھوڑ دیتے تھے تاہم ان گاڑیوں میں سے ملزمان نے چند گاڑیاں فروخت بھی کی ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزم دانیال گاڑیوں کے تالے کھولنے کا ماہر ہے اور واردوتوں کیلئے اپنے مرحوم بھائی کی ایکسائز کی یونیفارم استعمال کرتا تھا جبکہ ملزمان اب تک 20 کے قریب گاڑیاں چوری کر چکے ہیں۔