کورونا کیسز میں اضافے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے حیدرآباد اورکراچی شرقی میں مزید سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران 97 لوگ کورونا سے جاں بحق ہوئے جبکہ 8 ہزار 112 افراد وائرس میں مبتلا ہوئے۔
اب بھی شہر میں 3 ہزار 200 ایکٹوز کیسز موجود ہیں۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ضلع شرقی میں 34، ضلع وسطی میں 28، ضلع کورنگی میں 16 سامنے آئیں جبکہ ضلع غربی میں 2، ضلع ملیر میں 4 اور ضلع جنوبی میں 13 افراد کورونا سے انتقال کرگئے۔
سب زیادہ کورونا کے کیسز ضلع شرقی میں 3730، ضلع جنوبی میں 1698 اور ضلع وسطی میں 1093سامنے آئے۔
دوسری جانب کیسز میں اضافے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے حیدرآباد اورکراچی شرقی میں مزید سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعلیٰ نے کورونا وائرس ٹاسک فورس اجلاس میں وزراء کو شہر کا دورہ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ گزشتہ سات دن میں کراچی میں 10 اورحیدرآباد میں 14 فیصد سے زائد کیسز آئے۔
اُدھر حیدرآباد سینٹرل جیل میں بڑھتے ہوئےکورونا کیسزکے باعث سخت اقدامات کیے گئے ہیں اور قیدیوں سے کسی رشتے داریاعزیزکی ملاقات پرپابندی لگادی گئی ہے۔