وفاقی وزیر علی زیدی کے خلاف پیپلز پارٹی کے سعید غنی اور مسلم لیگ ن کے مفتاح اسماعیل ایک ہوگئے۔
ٹوئٹر پر مسلم لیگ ن کے گذشتہ دور حکومت کے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کے درمیان ملک میں گیس کے بحران اور ایل این جی ٹرمینل معاہدوں کے حوالے سے بحث جاری تھی کہ ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ علی زیدی نے مفتاح اسماعیل کے مقابل الیکشن جیتا تھا تاہم مفتاح جیسے کسی امیدوار کا جیتنا کراچی کے لیے بہتر ہوسکتا تھا۔
اس صارف کی ٹوئٹ ری ٹوئٹ کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ‘دراصل آر ٹی ایس کی وجہ سے، ورنہ اسی حلقے سے صوبائی اسمبلی کی نشست جیتنے والے سعید غنی جانتے ہیں کہ اصل میں کون جیتا تھا’۔
پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر تعلیم بھی مفتاح اسماعیل کی حمایت میں آگئے اور کہا کہ میں جانتا ہوں کہ مفتاح اسماعیل جیتے تھے لیکن کراچی میں پی ٹی آئی کے دیگر امیدواروں کی طرح یہ سیٹ بھی علی زیدی نے جیت لی۔
اس پرایک صارف نے جواب دیاکہ اگر دھاندلی ہوئی تھی تو سعید غنی صوبائی نشست سے کیسے جیت گئے؟