کراچی (قومی مقاصد نیوز)گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر سے گرینڈڈیموکریٹک الائنس کے وفد نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔
وفاقی وزرا ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور محمد میاں سومرو بھی ملاقات میں شریک تھے جبکہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی جانب سے نصرت سحر عباسی، ارباب غلام رحیم ، عرفان اللّہ خان مروت نے شرکت کی، اراکین صوبائی اسمبلی فردوس شمیم نقوی ،حلیم عادل شیخ ،خرم شیر زمان اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات کے دوران صوبہ کے مختلف اضلاع کے لئے وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر نے صوبہ کے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔ اسد عمر نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنے اتحادیوں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھے ہوئے ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت وزیر اعظم کی ہدایت پر صوبہ سندھ کی ترقی کے لئے اقدامات کر رہی ہے کیونکہ وزیراعظم عمران خان صوبہ سندھ کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی پیکج کی طرح دیگر اضلاع کے لئے بھی ترقیاتی پیکج پر کام کیا جارہا ہے۔