آزاد جموں و کشمیر کے الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں کو آرمی افسران بالخصوص آرمی چیف اور دیگر ریاستی اداروں کے سربراہان کی تصاویر اخبارات میں اشتہارات اور پینافلیکس بینرز اور پوسٹرز میں استعمال نہ کرنے کی تنبیہ کی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلاہریا کی جانب سے یہ حکم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما کی جانب سے استقبالی بینر میں وزیر اعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور جماعت کے ایک اور مرکزی رہنما کی تصویر لگانے کے بعد جاری کیا گیا۔
بینر کی یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی اور متعدد صارفین نے اس عمل کو مبینہ طور پر ‘مسلح افواج کو سیاسی’ بنانے کا الزام عائد کیا تھا۔
چیف الیکشن کمشنر کے حکم نامے میں کہا گیا کہ ‘ہمیں شکایات موصول ہوئی تھیں کہ چند سیاسی جماعتیں اپنے اشتہارات اور بینرز میں آرمی چیف کی تصاویر استعمال کر رہی ہیں۔’