کراچی ( قومی مقاصد نیوز )گورنرسندھ عمران اسماعیل کا کراچی کے علاقہ ہجرت کالونی میں آتشزدگی سے متاثرہ عمارت کی رہائشیوں سے ملاقات کی اور انھیں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی ، اراکین سندھ اسمبلی خرم شیر زمان، شہزاد قریشی، ڈاکٹر سیما اور ادیبہ حسن بھی ان کے ہمراہ تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ آتشزدگی کا واقعہ افسوسناک ہے ، متاثرہ خاندان کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ متاثرہ عمارت کی مرمت اور بحالی کے لئے رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے مشاورت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی چونکہ انجینئربھی ہیں اس لئے وہ اس ضمن میں بہتر مشورہ دے سکتے ہیں ۔ گورنر سندھ نے رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی اور رکن صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان کو ہدایت کی کہ اسپتال میں زیر علاج افراد کی ہر ممکن مدد کریں ۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ فی الحال متاثرہ خاندان کو کرایہ کی جگہ منتقل کریں گے جس کا ایک سال کا کرایہ ہم ادا کریں گے۔ انہوں نے واقعہ کے وقت فائر بریگیڈ کے دیر سے آنے کے سوال پر کہا کہ اس معاملہ کا جائزہ لیں گے۔ گورنرسندھ نے کہا کہ 50 جدید ترین فائر ٹینڈرز جنوری تک آجائیں گے اور جن سے مستقبل میں اس طرح کے واقعات سے نمٹا جا سکے گا ۔ گورنرسندھ نے اس موقع پر اس واقعہ میں جاں بحق افراد کے لئے فاتحہ خوانی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دُعا بھی کی۔