کراچی: صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے سندھ میں گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر اظہار مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سازش کے تحت سندھ کے عوام اور خاص کر صنعت کاروں کو بجلی اور گیس سے محروم رکھا جارہا ہے۔
گیس اور بجلی کی غیر معمولی لوڈ شیڈنگ کے باعث سینکڑوں صنعتوں کی بندش کا خطرہ ہے۔ یہ بات آج صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے اپنے دفتر میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مذید کہا کہ صنعتوں کی بندش سے ہزاروں افراد بھی بیروزگاری کا شکار ہوجائیں گے۔ اور موجودہ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی حکومت سندھ کے عوام اور صنعت کاروں پر رحم کرے اور سندھ سے سوتیلی ماں والا سلوک بند کیا جائے۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ حکومت سندھ روزگار کے مواقع مہیا کرنا چاہتی ہے لیکن وفاقی حکومت لوگوں کو بیروزگار کرنا چاہتی ہے جبکہ وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیوں نے ملک بھر میں مہنگائی کا طوفان برپا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بیروزگاری نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ مہنگائی اور بیروزگاری سے تنگ آئے عوام سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے متاثرہ افراد کی حکومت سندھ اپنے وسائل کے مطابق بحالی کا کام کررہی ہے لیکن وفاقی حکومت کی بے حسی نے سندھ کے عوام کے مسائل میں اضافہ کیا ہے۔