کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں پولیس مقابلے کے دوران سب انسپکٹر شہید ہو گیا۔
پولیس کے مطابق اہلکاروں نے ایک مشتبہ گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان فرار ہوگئے، پولیس موبائل نے ملزمان کا پیچھا کیا جس پر ملزمان نے چلتی گاڑی سے فائرنگ کر دی۔
ایس ایس پی ایسٹ ساجد سدوزئی کے مطابق گلستان جوہر میں ہونے والے مقابلے میں پولیس اور ملزمان کے درمیان دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا، ملزمان کی فائرنگ سے سب انسپکڑ شہید ہو گیا۔
ساجد سدوزئی نے بتایا کہ شہید اہلکار کی شناخت سب انسپکٹر رحیم خان کے نام سے ہوئی ہے جو گلستان جوہر تھانے میں میں ایڈیشنل ایس ایچ او تعینات تھا۔
پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے موبائل پر فائرنگ ایس ایم جی کے ذریعے کی۔
پولیس حکام کے مطابق رحیم خان اس سے قبل لانڈھی تھانے میں بھی بطور ایس ایچ او ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔