کوپن ہیگن: ڈنمارک کی ادویہ ساز کمپنی ’’نووو نورڈسک‘‘ نے ٹائپ 2 ذیابیطس کے مریضوں کےلیے ایک نئی انسولین ایجاد کی ہے جسے ہفتے میں صرف ایک بار لگانا ہی کافی ہوگا۔ تاہم ابھی یہ آزمائشی مراحل پر ہے۔
اب اس بارے میں خبر ملی ہے کہ یہ ویکسین طبّی آزمائشوں کے دوسرے مرحلے (فیز ٹو کلینیکل ٹرائلز) میں کامیاب ہوگئی ہے۔ ان آزمائشوں کی تفصیل ’’نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن‘‘ کے تازہ شمارے میں آن لائن شائع ہوئی ہے۔
مذکورہ طبّی آزمائشوں میں 247 رضاکار شریک ہوئے جو ٹائپ 2 ذیابیطس میں مبتلا تھے اور جنہیں روزانہ انسولین کے انجکشن لگوانے کی ضرورت تھی۔ ان میں سے تقریباً نصف کو ہفتے میں ایک بار یہ نئی انسولین بذریعہ انجکشن دی گئی جبکہ باقی نصف مریضوں کو معمول کے مطابق روایتی انسولین کے انجکشن دیئے جاتے رہے۔
26 ہفتے تک جاری رہنے والی ان آزمائشوں کے اختتام پر معلوم ہوا کہ نئی انسولین واقعتاً ایک ہفتے تک مؤثر رہی جبکہ اس کے ضمنی اثرات (سائیڈ ایفیکٹس) بھی روزانہ انجکشن کے ذریعے دی جانے والی انسولین سے مختلف نہیں تھے۔
نووو نورڈِسک کی نئی انسولین پر مشتمل علاج کو ’’انسولین آئیکوڈیک‘‘ کا نام دیا گیا ہے جس کی مزید اور حتمی آزمائشوں (فیز تھری کلینیکل ٹرائلز) کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔