اسلام آباد: ایف بی آر نے سینیٹر فیصل جاوید کی ٹیکس تفصیلات غلط جاری ہونے پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے 46 ہزار سے زائد کا ٹیکس ادا کیا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس ڈائریکٹری 2018 میں سینیٹر فیصل جاوید کے ادا کردہ ٹیکس اور ٹیکس ڈائریکٹری میں شناختی کارڈ کے غلط اندراج پر فیصل جاوید کی جانب سے ایف بی آر سے رجوع کرنے پر وضاحت جاری کردی ہے۔
ایف بی آر کے مطابق 18ستمبر کو جاری کردہ سال 2018 کی ٹیکس ڈائریکٹری میں تمام ٹیکس گزاروں کی لسٹ کی سیریل نمبر 499903 پر سینیٹر فیصل جاوید کا شناختی کارڈ نمبر اور ادا شدہ ٹیکس کی تفصیلات درست درج ہیں۔ جب کہ پارلیمنٹرینز ڈائریکٹری میں شناختی کارڈ اور اداکردہ ٹیکس کے بارے میں معلومات درست درج نہیں ہیں لہذا ایف بی آر اندراج کی اس غلطی پر معزز پارلیمنٹرین سے معذرت خواہ ہے۔
ایف بی آر نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر فیصل جاوید نے 46 ہزار 127 روپے ٹیکس ادا کیا۔