پشاور میں طویل عرصے بعد شروع ہونے والے منصوبے ریپیڈ بس ٹرانزٹ (بی آرٹی) کی بسوں میں آگ لگنے کے واقعات کی وجہ سے انتظامیہ نے بس سروس کو عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔
بی آرٹی کو چلانے والی انتظامی کمپنی ٹرانس پشاور کے ترجمان محمد عمیر نے ایک بیان میں کہا کہ بدھ کو بی آرٹی بس میں ’معمولی چنگاری‘ لگنے کا واقعہ پیش آیا تاہم آگ پر جلد ہی قابو پا لیا گیا۔ ترجمان کے مطابق تمام بسوں کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا کیونکہ مسافروں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔
عمیر نے بتایا کہ ’بس بنانے والی کمپنی بسوں کا تفصیلی جائزہ لے گی اور اس کی جامع انسپکشن اور تحقیق کی جائے گی۔‘ انھوں نے مزید بتایا کہ بس سروس کو عارضی طور پر معطل کیا جا رہا ہے اور ہر بس کو تکنیکی اعتبار سے کلیئر کرنے کے بعد بحال کیا جائے گا اور یہ فیصلہ عوام کے وسیع تر مفاد میں کیا گیا ہے۔