لاہور: احتساب عدالت نے شہباز شریف کی اہلیہ، بیٹی اور داماد کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔
احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے دوران شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز اور بیٹی رابعہ عمران کے قابل ضمانت جب کہ داماد ہارون یوسف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت کے دوران آج شہباز شریف عدالت کے روبرو پیش ہوئے جب کہ حمزہ شہباز کو اُن کی بیماری کی وجہ سے پیش نہیں کیا گیا. عدالت نے کیس میں سلمان شہباز کے جاری کردہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھنے کا بھی حکم دیا۔
سماعت کے دوران عدالت نے شہباز شریف کی اہلیہ اور بیٹی کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے جب کہ داماد ہارون یوسف کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔
احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے ریفرنس پر سماعت کی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ حمزہ شہباز کو اُن کی بیماری کی وجہ سے پیش نہیں کیا گیا۔ عدالت کے استفسار پر بتایا گیا کہ حمزہ شہباز کے ٹیسٹ ہوگئے اور رپورٹس کا انتظار ہے۔
شریف فیملی کے وکیل امجد پرویز نے استدعا کی کہ ابتدائی مرحلہ شہباز شریف کے اہل خانہ کو حاضری سے استثنی دیا۔ عدالت نے باور کروایا کہ قانون کے مطابق شریک ملزموں کا عدالت کے روبرو پیش ہونا ضروری ہے۔