بلوچستان کو کراچی سے ملانے والے حب ندی پر قائم 58 سالہ پل کی خستہ حالی کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام جاگ گئے۔
این ایچ اے نے پل کے پلرز کے اردگرد ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے والی چار دیواری کی مرمت کا ٹینڈر جاری کردیا جب کہ ندی سے ریت نکالنے سے روکنے کیلئے خندق بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
سابق صدر ایوب خان کے دور حکومت میں وفاقی حکومت نے بلوچستان کے شہر حب کو کراچی سے ملانے کیلئے حب ندی پرپل کی تعمیر شروع کی جو 1962 مکمل ہوئی۔
58 سال پرانے حب پل کی لمبائی 500 میٹر ہے جب کہ اس کے پلرز کی لمبائی 21،21 میٹر ہے۔
حب پل کی خستہ حالی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد حب کے شہریوں کو بھی اس بات کی تشویش ہے کہ بارش کے موسم میں حب ندی میں انے والی طغیانی سے پل کے گرنے کا خطرہ موجود ہے۔