کراچی: جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی جانب سے ایک بار پھر بجلی و گیس کی قیمتیں بڑھانے کے مطالبہ کو ملک کی آزادی و خود مختاری کے تقاضوں کے منافی اور غریب لوگوں کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھیننے کے مترادف قرار دیا ہے۔
انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ لاک ڈاو¿ن، بیروزگاری کی وجہ سے ملک کی معاشی صورتحال ابتر اور عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ کا مطالبہ سراسر ظلم ہے۔ کیونکہ بجلی وگیس قیمتوں میں اضافہ روٹی ،ٹرانسپورٹ سمیت روزمرہ کی اشیائے خور ونوش کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوگا۔پی ٹی آئی حکومت کے دو برس کے دوران بنیادی اشیائے خوراک کی قیمتوں میں 50تا100فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔تبدیلی و معاشی خوشحالی کے دعویدار حکمرانوں کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ کمر توڑ مہنگائی میں عوام کی قوت خرید ختم ہو کر رہ گئی ہے۔ اگر عالمی ادارے کی فرمائش پر بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تو اقتصادی انتشار اور بے یقینی کی صورتحال جنم لے سکتی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے احتجاجی دھرنوں کے دوران مہنگائی ،بیروزگاری اور بجلی کے بھاری بلوں کو جلایا تھا۔ مہنگائی ، بیروزگاری ، کرپشن اور خراب معاشی صورتحال نے حکومتی ٹیم کے تمام دعووں کو کھوکھلا ثابت کردیا ہے۔ ملک کی تعمیر و ترقی کےلئے ضروری ہے کہ کرپٹ نظام و قیادت سے نجات حاصل کی جائے۔ صوبائی رہنماءنے کہا کہ حکومت سودی نظام سمیت آئی ایم ایف کی معاشی غلامی سے چھٹکارا حاصل کرنے کےلئے ٹھوس اقدامات کر کے ملک کو مستحکم اور عوام کو روزگار، مہنگائی و غیروں کی غلامی سے نجات دلائیں۔ گیس و بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کا عالمی مالیاتی ادارے کا مطالبہ مسترد کردیں۔