کراچی,(قومی مقاصد نیوز) اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سکھر زون نے سرکل افسر جنسار علی سومرو کی سربراہی میں ایک کارروائی میں تیپدار محمد عارف آرائیں دیہہ جامڑو گمبٹ کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا جبکہ متعلقہ متعلقہ مختیار کار صلاح الدین گھمرو تعلقہ گمبٹ کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کرلی ہے۔
واضح رہے کہ گرفتار ملزم نے زرعی زمین کے فوتی کھاتے میں تبدیلی کے لئے محمد بوٹا ارائیں سے رشوت طلب کی تھی اور 20 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ اینٹی کرپشن سکھر زون نے یہ کارروائی فرسٹ سینئر سول جج/ جوڈیشل مجسٹریٹ خیر پور مجسٹریٹ محمد مقبول کی زیر نگرانی میں کی۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے اپنے ایک بیان میں کرپٹ عناصر کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن میں ملوث افراد باز آجائیں ورنہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ کی کرپٹ عناصر کے خلاف کاروائیاں کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ وہ کرپشن کے خلاف اپنی کاروائیاں مزید تیز کردیں.