پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس کی تبدیلی کے معاملے پر ردعمل میں کہا ہے کہ پنجاب کے 5 آئی جیز نے پاکستان تحریک نصاف (پی ٹی آئی) کے ایجنڈے سے انکار کیا اور ذاتی ایجنڈے پر کام کرنے سے انکار پر پنجاب پولیس کے 5 افسران کو سلام پیش کرتا ہوں۔
میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے جہاں ملک کے اندر سیاست میں انتشار پیدا کیا ہے وہیں یہ ملک کے انتظامی ڈھانچے کو بھی مفلوج کررہے ہیں اور بدترین انتشار کی طرف دھکیل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کی حکمرانی سے پاکستان کمزور ہو رہا ہے، پاکستان کا تماشہ بن رہا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کے ذریعے اپوزیشن کے خلاف نیب گردی کرائی گئی، اسی طرح پنجاب کے 5 آئی جیز نے پی ٹی آئی کے ایجنڈے سے انکار کیا، ذاتی ایجنڈے پر کام کرنے سے انکار پر پنجاب پولیس کے 5 افسران کو سلام پیش کرتا ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ نئے آئی جی کو بھی زیادہ عرصے نہیں دیکھ رہے، اگر طرز حکمرانی نہ بدلا گیا تو عوام حکمرانوں کو اقتدار کے ایوانوں سے باہر نکال پھینکیں گے۔
وزیراعظم کے دورہ کراچی کے حوالے سے ن لیگی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کراچی سے 14 نشستیں حاصل کیں لیکن وزیراعظم نے کراچی میں 14 گھنٹے گزارنا بھی پسند نہیں کیا اور 5 گھنٹوں میں کراچی کو ہاتھ لگا کر واپس آگئے۔