بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو کراچی کے تین نالوں کی ذمہ داری دی گئی ہے، انہیں میرپورخاص کو بھی اپنانا ہوگا۔
نوکوٹ میں سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ٹی آئی سرکار سے آپ کا حق چھین کر لیں گے، سپریم کورٹ سے درخواست ہے کہ سندھ کا پیسہ دے تاکہ یہ پیسہ سندھ کی عوام پر خرچ ہو۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے میرپورخاص میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین سیلاب سے ملاقات کی۔
نوکوٹ میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ این ڈی ایم اے کو کراچی کے ساتھ ساتھ میرپورخاص کو بھی اپنانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جہاں نیشنل ڈیزاسٹر آتا ہے این ڈی ایم اے کو دیکھنا چاہیے، ایک دو ہفتے ہوگئے این ڈی ایم اے نے نوکوٹ کو نہیں دیکھا۔
بلاول نے کہا اسلام آباد جا کر مطالبہ کریں گے کہ آپ کے مسائل حل کریں۔
کوٹ میرس میں متاثرین سیلاب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ آپ کا حق پی ٹی آئی سرکار سے چھین کر لیں گے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سندھ کا پیسہ سپریم کورٹ کے پاس پڑا ہے، سپریم کورٹ سے درخواست ہے کہ وہ پیسہ دیا جائے تاکہ کراچی سے تھرپارکر تک سیلاب متاثرین کی مدد کی جائے۔