کراچی: ڈی ایچ اے اورکلفٹن کے رہائشی احتجاجی مظاہرہ کرنے پر مقدمہ درج ہونے کے خلاف احتجاج کرنے ڈی ایچ اے کے دفتر پہنچ گئے۔
گزشتہ دنوں بارش کے پانی میں گھرے ڈيفنس اور کلفٹن کے رہائشیوں کا صبر جواب دے گیا تھا جس کے بعد انہوں نے کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کے دفتر کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی تھی۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا تھا کہ کلفٹن کنٹونمنٹ انتظامیہ صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنائے اور فلڈ ریلیف کے نام پرلیے گئے ٹیکس کا آڈٹ اور احتساب کیا جائے، اس کے علاوہ مظاہرین نے پانی کی نکاسی اور سڑکوں کی از سر نو تعمیرکا بھی مطالبہ کیا تھا۔
کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ نے گزشتہ روز دفتر کے آگے احتجاج کرنے والے ڈی ایچ اے اور کلفٹن کے رہائشیوں کے خلاف مقدمہ درج کرادیا جس میں دفتر میں ہنگامی آرائی اور دھمکیاں دینے سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ڈی ایچ اے اور کلفٹن کے رہائشیوں نے سی بی سی کے اقدام پر دوبارہ احتجاج کا اعلان کیا جس کے لیے علاقہ مکین ڈی ایچ اے کے دفتر پہنچ گئے ہیں۔
مظاہرے میں سول سوسائٹی کے نمائندوں بھی شریک ہیں تاہم اس دوران مظاہرین کو روکنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے اور ڈی ایچ اے کے دفتر کے مین گیٹ پر کنٹینر لگایا گیا ہے۔
مظاہرین کا کہنا ہےکہ ہمارا احتجاج پر امن ہے، ہمیں آڈٹ اور دیے گئےٹیکس کا جواب چاہیے۔
مظاہرین نے مزید کہا کہ کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈکے دفترپر ہونے والے مظاہرے کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج کی گئی، ہم قانون پسند اورٹیکس ادا کرنے والے شہری ہیں۔