کراچی ( قومی مقاصد نیوز) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے ہمراہ اورنگی ٹاﺅن کے بارش سے متاثرہ افراد میں سماجی بھلائی کی تنظیم بیت السلام کے تعاون سے راشن بیگز تقسیم کئے۔
گورنر سندھ نے اس موقع پر گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ سندھ کے عوام کی مدد پر ان کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں سہولیات کے بنیادوں ڈھانچہ کو ٹھیک کرنے کے لئے کام کرنا ضروری ہے تاکہ عوام کو بارش کی صورت میںپیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ کیا جاسکے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ کراچی کے مقابلہ میں لاہور میں بارش نسبتاً کم ہوئی ہے جس کی وجہ سے عوام کو اتنی زیادہ مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ انہوں نے متاثرہ افراد میں راشن کی تقسیم کے ضمن میں بیت السلام اور سماجی بھلائی کی دیگر تنظیموں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بدولت عوام کی مشکلات میں کمی واقع ہوئی ہے۔ بعد ازاں دونوں گورنرز نے متاثرہ افراد میں راشن تقسیم کیا۔