وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کی نا اہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی گئی۔
وفاقی وزیر کے خلاف درخواست امن ترقی کے چیئرمین فائق شاہ کی طرف سے دائر کی گئی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ فیصل واوڈا نے کاغذات نامزدگی میں جعلی حلف نامہ جمع کرایا۔
درخواست کے مطابق فیصل واوڈا کو جعلی حلف نامہ جمع کرانے پر نااہل کیا جائے اور وہ جعلی حلف نامہ جمع کرانے پر صادق اور امین نہیں رہے۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ دوہری شہریت رکھنے پر 2 سینیٹرز کو نااہل قرار دے چکی ہے۔
خیال رہے کہ جس وقت وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے 2018 کے عام انتخابات میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے، اُس وقت وہ امریکی شہری تھے اور یہ کہ ان کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع کرایا جانے والا حلف نامہ جعلی تھا کہ ان کے پاس غیر ملکی شہریت نہیں ہے۔
11 جون 2018 کو کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت وہ امریکی شہری تھے اور کاغذات کی اسکروٹنی کے وقت بھی ان کی امریکی شہریت برقرار تھی۔
فیصل واوڈا نے اپنے کاغذات نامزدگی میں حلفاً کہا کہ وہ صرف پاکستانی شہری ہیں تاہم دستاویزات سے ثابت ہوا جب انہوں نے کاغذات جمع کرائے وہ امریکی شہری بھی تھے۔