کراچی: سابق وزیر خارجہ عبداللہ حسین ہارون نے بابا آئی لینڈکاہنگامی دورہ کیا۔
بابا آئی لینڈیوتھ کی جانب سے سیوریج اور صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال کے حوالے سے موصولہ شکایات پر عبداللہ حسین ہارون نے ڈاکٹر محمد یوسف (ڈائریکٹر فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی‘ سابق ناظم) ‘ محمد حنیف لاڑا (ڈائریکٹر فشری)‘ محمد رفیق سلیمان (سابق ناظم)‘حاجی محمد یوسف ‘ رفیق بلوچ ‘رضا محمد بلوچ ‘ علی محمد(سابق وی سی فشری)کے ہمراہ بابا آئی لینڈ کا ہنگامی دورہ کیا، انہوں نے لانچوں کے ذریعہ دونوں جزیروںمیں جاکر ماہی گیروں سے ملاقاتیں کیں اور ان علاقوں کے مسائل سنے ۔نظامت کے فرائض محمد رفیق سلیمان نے ادا کئے۔
بابا آئی لینڈ یوتھ کے محمد معراج نے صفائی ستھرائی ‘ نکاسی آب ‘کمیونٹی سینٹر اور ڈسپنسری کی خراب صورتحال کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بابا کی جیٹی گذشتہ 10 سال سے التواءکا شکار ہے جبکہ سیوریج سسٹم عدم توجہی کے باعث انتہائی مخدوش ہوچکا ہے جس کے باعث عوام شدید اذیت میں مبتلا ہیں آمد و رفت کے ساتھ ساتھ حشرات الارض کی بہتات کی وجہ سے نت نئی بیماریوں کا بھی سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
عبداللہ حسین ہارون نے ماہی گیروں کے مسائل میں حائل مشکلات کو احسن طریقے سے حل کرنے کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔