کراچی: ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے چیئرمین محمد حسن بخشی نے پاکستان بالخصوص سندھ میں بارشوں سے ہونے والی تباہی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں آباد حکومت پاکستان اور سندھ حکومت کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑ ی ہے،انھوں نے وفاقی و سندھ حکومتوں کو بعد از بارش کی صورتحال سے نمٹنے میں بھرپور مدد کی پیشکش کردی۔ انھوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ بارش سے ہونے والے زیادہ متاثر علاقوں کو آف زدہ علاقہ قرار دے کر خصوصی پیکج کا اعلان کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ انفرا اسٹرکچر اور متاثرین کی بحالی میں آباد حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت کراچی سمیت پورے سندھ میں نظام زندگی بری طرح متاثر ہے،سڑکوں پر پانی جمع ہے،ہزاروں خاندان نقل مکانی کرچکے ہیں۔ متاثرین کی بحالی اور معمولات زندگی کی بحالی میں تمام بزنس کمیونٹی اور سماجی اداروں کو حکومتوں کے ساتھ بھرپور مدد کرنے کی ضرورت ہے۔عظیم قومیں وہی ہوتی ہیں جو مشکل گھڑی میں متحد ہوکر متاثرین کی مدد اور حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہوتی ہیں۔محمد حسن بخشی نے کہا کہ زلزلہ زدگان اور سیلاب سے متاثرین کی بحالی،کراچی کی خوبصورتی یا افورڈ ایبل رہائشی سہولتوں کی فراہمی ہو آباد نے ماضی میں بھی بطور سوشل ایکٹر اپنا کردار احسن طریقے سے نبھایا ہے۔محمد حسن بخشی نے وفاقی و سندھ حکومتوں کو تجویز پیش کی پبلک۔پرائیویٹ پارٹنر شپ میں ڈیزاسٹر کمیٹی بنائی جائے جو قبل ازیں انتظامات کا جائزہ اور بعد از اں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرے۔ قدرتی آفات سے ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے صرف حکومتی ادارے کافی نہیں ہوتے، پوری دنیا میں حکومتیں نجی شعبوں کی مدد ہی سے عہدہ برآں ہوتی ہیں۔
