کراچی: ایم کیو ایم پاکستان سربراہ اور رابطہ کمیٹی کے کنوئنیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ صوبے سندھ میں ایم کیوایم سے جاگیردارانہ نظام دہشت کھاتا ہے۔ ایم کیو ایم ایسے ایوان کا خواب دیکھتی ہے جس میں کسانوں کی نمائندگی کسان کرے۔
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں بالآخر وکیشنل ٹرینک سینٹر کا افتتاح کردیا گیا۔ ٹرینگ سینٹر نجی رفاعی ادارے کی مدد سے چلایا جائے گا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیوایم کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے جاگیرداروں کی وجہ سے کراچی گیارہ سال سے معاشی دہشتگردی کا شکار رہا۔ ایم کیو ایم پاکستان کے نظریے سے جاگیردارانہ نظام دہشت کھاتا ہے۔
اس موقع پر رکن قومی اسمبلی امین الحق نے کہا کہ ایم کیوایم اورنگی ٹاؤن کے تمام علاقوں میں تعلیمی اداروں کا جال بچھارہی ہے۔ چند شرپسند عناصر کی جانب سے اورنگی ٹاؤن کے تعلیمی اداروں کی بلڈنگ پر قبضہ کیا جارہا ہے۔
ایم کیوایم پاکستان کے رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ اورنگی ٹاؤن کو روشن کرنے اور پانی کے مسئلے کو جلد حل کرنے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔