ابوجا: وسطی نائیجیریا میں پیٹرول کے ٹینکر میں دھماکے کے بعد آگ لگنے سے 50 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔
عینی شاہدین کا بتانا ہے کہ وسطی نائیجیریا کی ریاست بینو کے گاؤں اہمبے میں آئل ٹینکر کے ڈرائیور نے روڈ پر واقع گڑھے سے بچنے کی کوشش کی لیکن ٹینکر بے قابو ہو کر الٹ گیا جس کے نتیجے میں اس میں آگ بھڑک اٹھی۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے کم از کم 10 افراد کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں جب کہ کم سے کم 70 افراد آگ لگنے کہ وجہ سے شدید جھلس گئے ہیں۔
فیڈرل روڈ سیفٹی کمیشن کے حکام کا بتانا ہے کہ حادثے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
نایجیریا میں ٹریفک حادثات میں ہلاکتوں کے واقعات معمول ہیں، گزشتہ برس اکتوبر میں بھی نائیجیریا کے جنوب مشرقی علاقے میں تیل کی پائپ لائن پھٹنے پر آگ لگ گئی تھی جس کے نتیجے میں 60 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔