اسلام آباد: وکلاء ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام آل پاکستان وکلاء کنونشن نے جسٹس قاضی فائزعیسٰی پر ریفرنس کے خلاف مہم کو مسترد کردیا۔
اسلام آباد میں منعقدہ وکلاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وکلاء نمائندگان نے کہا کہ پاکستان کے خلاف کوئی بھی تحریک چلے گی تو وکلاء اپنا کردار اداکریں گے۔ احتساب سے بالاتر کوئی بھی نہیں۔ اگر سیاستدانوں اور فوجیوں کا احتساب ہوسکتا ہے تو ججز کا بھی ہونا چاہیے۔
وکلاء نے کہا کہ افتخار محمد چودہدری والی تحریک قانون اور آئین کی بالادستی کیلئے چلائی تھی۔ آج صدر مملکت نے آئین اور قانون کے تحت ریفرنس سپریم جوڈیشل کونسل کو بھیجا ہے۔ کونسل کے ججز آزاد ہیں، وکلاء کو ان پراعتماد کرنا چاہیے۔
کنونشن میں متفقہ طور پر قرارداد منظور کی گئی جس میں کہا گیا کہ ملک بھر کے وکلاء ریفرنس کے خلاف کسی مہم کا حصہ نہیں بنیں گے۔ سپریم جوڈیشل کونسل جلدازجلد ریفرنس کا میرٹ پر فیصلہ کرے۔
قرارداد میں وزیر قانون فروغ نسیم کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔