اسلام آباد: سعودی عرب سے پاکستان کو تیل کی فراہمی رواں ماہ سے شروع ہو جائے گی جو تین سال تک جاری رہے گی۔
سعودی سفارتخانہ کے مطابق موخر ادائیگی پر سعودی عرب ماہانہ 275 ملین ڈالر کا تیل پاکستان کو جولائی 2019 سے فراہم کرے گا۔ معاہدے کے مطابق پاکستان کو فراہم کردہ تیل کی مجموعی لاگت 9.9 ارب ڈالر ہو گی۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان 20 ارب ڈالر مالیت کے معاہدے کیے گئے اور یہ امداد سعودی قیادت کی طرف سے پاکستانی معیشت کو سپورٹ کرنے کے لیے ہے۔
سعودی سفارتخانہ کے مطابق سعودی عرب نے گزشتہ اکتوبر میں پاکستان کے لیے معاشی پیکج کا اعلان کیا تھا جو تین ارب ڈالر کا تھا اور اس پیکج سے پاکستان کو ادائیگیوں کے توازن میں مدد ملے گی جبکہ سعودی مدد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے تعلقات کی عکاس ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی گرتی معیشت کو سہارا دینے کی غرض سےاعلان کردہ تین ارب ڈالر کی پہلی قسط میں سے ایک ارب ڈالر کی رقم گزشتہ سال 19 نومبر کو موصول ہو گئی تھی جس کے بعد پاکستان کے مجموعی ذخائر میں اضافہ ہوا۔