اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ کل بنی گالا میں وزیراعظم سے ملاقات میں ن لیگ کے ساتھ ساتھ پیپلز پارٹی کے ایم پی اے بھی موجود تھے۔
نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے 19 ایم پی اے گورنر سندھ کے ساتھ رابطے میں ہیں تعداد بڑھ رہی ہے۔ جب سندھ میں تبدیلی لانا ہوئی تو گورنر کو گرین سگنل دے دیا جائے گا۔
چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو مفت مشورہ ہے کہ یہ تحریک مت لائیں، ناکام ہوجائے گی۔ بلوچستان اور فاٹا کے سینیٹر سنجرانی کیخلاف ووٹ نہیں دیں گے۔
مسلم لیگ (ن) کے سنئیر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملاقاتیں کرنے والے ارکان رکنیت سے استعفی دیں اور دوسری جماعت کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سنئیر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جو جوعمران خان سے ملا اس کو شوکاز نوٹس بھیجا جائے گا۔ ساتھ یہ بھی دیکھا جائے گا کہ ڈیفکشن کلاز لگتی ہے یا نہیں۔ اگر ان ارکان کو اعتراض تھا تو پارٹی قیادت سے بات کرنی چاہئے تھی۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اس بار ہم سے معاہدہ کیا ہے ان کی زبان پر اعتبار ہے۔