ٹامیوالی : مسلم لیگ ن کے ممبر قومی اسمبلی ریاض پیرزادہ نے پارٹی چھوڑنے کی افواہوں کی تردید کر دی۔
سرائیکی زبان میں جاری کیے گئے اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ میرا قائد اور رہبر نواز شریف جیل میں ہے، میں ایسے وقت میں انہیں کیسے چھوڑ سکتا ہوں؟
انہوں نے کہا کہ میں عزت دار آدمی ہوں، میری پارٹی چھوڑنے کی افواہیں مکمل طور پر غلط ہیں۔
ن لیگی رکن اسمبلی نے میڈیا سے درخواست کی کہ وہ افواہیں پھیلانے سے گریز کرے۔
ویڈیو میں ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے پورے جذبے اور ایمان کے ساتھ ن لیگ کے ساتھ ہوں اور میرا قائد نواز شریف ہے۔
گزشتہ روز وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق نے اپنے ایک ٹویٹ کے ذریعے دعویٰ کیا تھا کہ مسلم لیگ ن کے 15 ارکان اسمبلی نے بنی گالہ میں وزیراعظم سے ملاقات کی ہے۔
ان کے اس ٹویٹ کے بعد ایسے ارکان کے بارے میں قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں جنہوں نے عمران خان سے ملاقات کی تھی۔
اس حوالے سے ریاض پیرزادہ کا نام بھی افواہوں کی زد میں رہا جس کی انہیں ویڈیو پیغام کے ذریعے کھل کر تردید کرنا پڑی۔
آج ہی وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے دعوی کیا ہے کہ حزب اختلاف کے 9 ارکان قومی اسمبلی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے لیے تیار بیٹھے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا ان ارکان کی تعداد بیس تک بھی پہنچ سکتی ہے۔