اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سراج الحق نے کہا ہے کہ افغانستان اور پاکستان کے پاس دوستی کے علاوہ کوئی چوائس نہیں۔
امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے اسلام آباد میں افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں امیر جماعت افغان امور کے مشیر شبیر احمد خان بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران سینیٹر سراج الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغان مہاجرین کے ساتھ ہمارا تعلق بھائیوں جیسا رہا ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان فاصلے امن دشمنوں کے پیدا کردہ ہیں جنہیں ختم ہونا چاہیے کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے علاوہ اور کوئی چوائس نہیں ہے۔
افغان صدر اشرف غنی نے کہا کہ ہم پاکستان سے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتے ہیں اور ان تعلقات کو مزید بہتر کرنے کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں بروقت انتخابات ہوں گے۔ افغانستان کا اقتصادی مستقبل بھی روشن ہے۔ ہم بہت جلد دوسروں سے امداد لینے کی بجائے دوسروں کی امداد کرنے والے بن جائیں گے۔