برمنگھم: آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے 33ویں میچ میں پاکستان نے اب تک ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔
برمنگھم کے ایجبیسٹن گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں کیوی کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا۔
میچ کے دوسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر مارٹن گپٹل محمد عامر کا شکار بن گئے، وہ صرف 5 رنز بناسکے۔
نیوزی لینڈ کا مجموعی اسکور 24 تک پہنچا تو کولن منرو بھی 12 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر سلپ پر کھڑے حارث سہیل کو کیچ دے بیٹھے۔
شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور مزید دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، روس ٹیلر 3 اور ٹام لیتھم ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔