لاہور: ایم کیو ایم تنظیم بحالی کمیٹی کے سربراہ فاروق ستار نے اے پی سی کو اقتدار کے حصول کی کوشش قرار دے دیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم تنظیم بحالی کمیٹی کے سربراہ فاروق ستار نے کہا کہ شعوری یا لاشعوری طور پر موجودہ نظام کو ناکام کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ حکومت سمیت تمام سیاسی جماعتوں اور شعبوں کے بڑوں کو ایک ایجنڈے پر مل بیٹھنے کی ضرورت ہے۔
فاروق ستار نے کہا کہ اے پی سی کا ایجنڈا اقتدار کا حصول ہے۔ حکومت کا تختہ لپیٹ کر دوبارہ اقتدار ملنے کی سوچ اپوزیشن کی غلط فہمی ہے۔
فاروق ستار نے خبردار کیا کہ کراچی میں پانی کے بحران پر قابو نہ پایا گیا تو یہ لسانی شکل بھی اختیار کر سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بجٹ ٹیکسز کم نہیں تھے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا۔