اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ میں سمجھتی ہوں اس جعلی حکومت کو قبول نہیں کرنا چاہیے۔ جتنے دن یہ حکومت رہے گی پاکستان میں صورتحال دگر گوں رہے گی۔
اے پی سی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے سے تمام مسائل حل تو نہیں ہوں گے لیکن جعلی مینڈیٹ والی حکومت لرز جائے گی۔ خدا خواستہ ایسا نہ ہو پاکستان پوائنٹ آف نو ریٹرن پر پہنچ جائے۔ ایک ایک دن میں پانچ پانچ روپے قدر گر رہی ہے، ڈالر بڑھ رہا ہے۔ صرف جون میں 14 ارب قرضوں میں اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہر روز عوام نئے بجٹ کی وجہ سے پس رہے ہیں۔ بجلی، گیس، آٹا مہنگا، عوام کی زندگی جہنم بن گئیں۔ اسپتال میں مفت ادویات بند کردی گئیں، دواؤں کی قیمت آسمان پر ہیں۔ لوگ علاج کرائیں یا بچوں کی فیسیں دیں؟ کیا کریں؟ یہ حکومت خود ہی گر جائے گی ہمیں تردد نہیں کرنا پڑے گا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ نواز شریف، شہبازشریف، حمزہ اور میں ایک ہیں۔ ہمارے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے۔ پوری پارٹی کا نواز شریف اور شہباز پر بھرپور اعتماد ہے۔ ایک دوسرے کے ساتھ اختلاف تو کرسکتے ہیں البتہ فیصلہ لیڈر شپ کا ہوتا ہے جو خوش دلی سے قبول ہوتا ہے۔