جیکب آباد کے ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں منعقدہ ایک تقریب کے موقعے پر یو ایس ایڈ کے سندھ اور بلوچستان کے ڈائریکٹر مائیکل ہرشہشین نےکوڑا کرکٹ ٹھکانے لگا نے کے آلات و دیگر سامان جیکب آباد میونسپالٹی کے سپرد کیے۔
اس تقریب میں سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی اور سندھ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کی سربراھ ناہید شاھ درانی کی موجودگی میں یوایس ایڈ سندھ کے میونسپل سروسز پروگرام (MSP) کے تحت فراہم کی گئی کچرہ ٹھکانے لگانے والی ۸۰ گاڑیاں اور آلات متعلقہ شعبے کے سپرد کی گئیں۔
اس موقعے پر مسٹر ہرشہشین نے کہا کہ امریکی حکومت کو فخر ہے کہ وہ حکومت سندھ کے ساتھ شراکتداری کے تحت جیکب آباد کے شہریوں کے لئے ایک صاف اور صحتمند ماحول فراہم کرنے کیلئے کوشش کررہی ہے۔
یو ایس ایڈ اپنے میونسپل سروسز پروگرام کے ذریعے شہر میں پانی کی فراہمی، نکاسی آب اور کچرہ جمع کرنے کے نظام کو فعال کرنے میں مدد کررہی ہے۔ پانی کے ایک نئے سرشتے کی تعمیر تکمیل کے مراحل میں ہے جس سے جیکب آباد کے تین لاکھ شہریوں کو پینے کا صاف پانی میسر ہوسکے گا اور اس طرح وہ ایک صحتمند ماحول میں زندگی بسر کرسکیں گے جو کہ ان کی صحت اور سالمیت پر مجموعی طور پر مثبت اثرات مرتب کرسکے گا۔