پیرس: ایئر شو کے اختتامی روز پاک فضائیہ کے جے ایف17 تھنڈر نے دھوم مچادی۔
53 ویں پیرس ایئر شو کا اختتامی روز ہوا جس میں ایوی ایشن کے شائقین کی ایک بڑی تعداد نے پاک فضائیہ کے جے ایف17 تھنڈر کا سٹیٹک ڈسپلے اور فضائی مظاہرہ دیکھا۔
ترجمان فضائیہ کے مطابق دیگر جہازوں اور دفاعی سازوسامان کے درمیان رکھا گیا جے ایف 17 تھنڈر اس شو میں نمایاں حیثیت اختیار کر گیا۔پاک فضائیہ کے عملے نے ایوی ایشن کے شائقین کو اس طیارے کی آپریشنل صلاحیتوں اور اس کے جدید ترین ہتھیاروں کے بارے میں آگاہ کیا۔ترجمان کے مطابق سٹیٹک ڈسپلے کے علاوہ پاکستان ایئروناٹیکل کمپلیکس کامرہ میں تیار کردہ جے ایف 17 تھنڈر نے شاندار الوداعی فضائی مظاہرہ پیش کیا۔مظاہرے کے بعد طیارے کی لینڈنگ پر شائقین نے تالیاں بجا کراسکی شاندار پرفارمنس پر داد دی۔
ترجمان فضائیہ کے مطابق دنیا کے سب سے بڑے ایئر شو میں پاک فضائیہ کے دستے کی شمولیت سے جے ایف 17 تھنڈر کی جدید ترین صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کا بہترین موقع میسر آیااور ایوی ایشن کی عالمی منڈی میں ممکنہ خریداروں کو جے ایف 17تھنڈر کی صلاحیتوں کو پرکھنے کا موقع بھی فراہم ہوا ہے۔