کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے شہر کے مسائل حل کرانے کیلئے تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ تیس جون کو سراج الحق کی قیادت میں مارچ کیا جائے گا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے بھی کراچی کو لاوارث چھوڑ دیا ہے۔ جماعت اسلامی کراچی کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ کے فور منصوبہ کراچی کے عوام کیلئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوٹ مار کرنے والے ادارے کے الیکٹرک کا محاسبہ کرنے کے بجائے حکومت اسے سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔ پانی، بجلی اور ٹرانسپورٹ کے مسائل حکومت کے بلند و بانگ دعووں کی نفی کر رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ کراچی کے عوام کے حقوق اور مسائل کیلئے تحریک چلائیں گے۔ 30 جون کو سراج الحق کی قیادت میں مارچ کیا جائے گا۔