مانچسٹر: کرکٹ ورلڈکپ کے سب سے بڑے ٹاکرے میں بھارت نے روہت شرما اور ویرات کوہلی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان کو جیت کے لیے 337 رنز کا ہدف دے دیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے 35 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے تھے کہ بارش کی وجہ سے میچ روک دیا گیا۔
بارش نہ رکی اور میچ دوبارہ شروع نہ ہوا تو بھارت میچ ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 86 رنز سے جیت جائے گا۔ اس وقت ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت پاکستان کا جیت کیلئے اسکور 254 رنز ہونا چاہیے تھا۔
بھارت کی اننگز
مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو بھارت کی جانب سے روہت شرما اور کے ایل راہل نے اننگز کا آغاز کیا۔
دونوں بلے بازوں نے ابتدا میں محتاط انداز اپنایا اور 5 اوورز کے بعد کھل کر کھیلا شروع کیا جس کے دوران گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلتے ہوئے پہلی وکٹ پر 136 رنز جوڑے۔