بشکیک: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے ملاقات بھی ہوئی اور مصافحہ بھی ہوا۔
کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات کوئی طے شدہ نہیں تھی، دنیا داری تھی وہ ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا فیصلہ بھارت نے کرنا ہے پاکستان نے جو کہنا تھا وہ کہہ دیا ہے، بھارت ابھی تک اپنے الیکشن کی ذہنی قید سے آزاد نہیں ہوپایا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے لیے کوئی عجلت نہیں نہ کوئی گھبراہٹ ہے، بھارت جب بھی مذاکرات کے لیے تیار ہوگا پاکستان کو تیار پائے گا، پاکستان کی سوچ بڑی حقیقت پسندانہ اور مدبرانا ہے۔
وزیرخارجہ کے مطابق بھارت کے ساتھ برابری اور باوقار طریقے سے مذاکرات کریں گے، ہمیں نہ کسی کے پیچھے دوڑنے کی ضرورت ہے نہ ہی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل رواں ماہ کے اوائل میں بھارت نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں نریندر مودی اور پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے درمیان ملاقات کے امکان کو مسترد کیا تھا۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وفد کے ہمراہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی جہاں انہوں نے عالمی رہنماؤں سے سائیڈ لائن ملاقاتیں بھی کیں۔